Monday, May 25, 2026

سیرتِ نبوی ﷺ میں چار مشہور نام

سیرتِ نبوی ﷺ میں چار مشہور نام 
 تحریر : مفتی مصطفی عزیز 
سیرتِ نبوی ﷺ پڑھتے وقت بعض نام بار بار سامنے آتے ہیں۔
کبھی “اَبُو سُفْیَان” کا ذکر ہوتا ہے، کبھی “سُفْیَان بن حَارِث” کا، اور کبھی “اَبُو جَہْل” اور “اَبُو لَہَب” کا۔
اکثر پڑھنے والے ان ناموں میں کنفیوز ہو جاتے ہیں، کیونکہ بعض نام ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔
اس لیے ان شخصیات کو آسان انداز میں سمجھ لینا ضروری ہے۔
① اَبُو سُفْیَان بن حَرْب رضی اللہ عنہ
اَبُو سُفْیَانؓ کا اصل نام: صَخْر بن حَرْب تھا۔
“اَبُو سُفْیَان” ان کی کنیت تھی، اور اسی نام سے وہ زیادہ مشہور ہوئے۔
یہ قریش کے بڑے سردار تھے اور قبیلۂ بَنُو اُمَیَّہ سے تعلق رکھتے تھے۔
یہی وہ معروف اَبُو سُفْیَانؓ ہیں جو حضرت مُعَاوِیَہؓ کے والد تھے۔
ابتدا میں انہوں نے اسلام کی مخالفت کی اور غزوۂ اُحُد اور غزوۂ خَنْدَق میں قریش کی قیادت بھی کی۔
لیکن بعد میں اَللہ تعالیٰ نے انہیں ہدایت دی، اور فتحِ مکہ کے موقع پر وہ مسلمان ہوگئے۔
اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ مل کر خدمات انجام دیں۔
② سُفْیَان بن حَارِث رضی اللہ عنہ
یہ اَبُو سُفْیَانؓ سے بالکل الگ شخصیت ہیں۔
ان کا پورا نام:
سُفْیَان بن حَارِث بن عَبْدُ المُطَّلِب تھا۔
یہ رسولُ اللہ ﷺ کے چچا زاد بھائی تھے اور بچپن میں نبی ﷺ کے بہت قریب تھے۔
یہاں ایک بات یاد رکھنے والی ہے:
پہلے والے “اَبُو سُفْیَان” ہیں، جو ایک کنیت ہے۔
جبکہ یہ “سُفْیَان بن حَارِث” ان کا اصل نام ہے۔
اسی وجہ سے بعض لوگ دونوں کو ایک ہی شخصیت سمجھ لیتے ہیں، حالانکہ یہ دونوں الگ الگ صحابی ہیں۔
ابتدا میں سُفْیَان بن حَارِثؓ نے اسلام کی مخالفت کی۔
انہوں نے بعض اوقات رسولُ اللہ ﷺ کے خلاف اشعار بھی کہے۔
لیکن بعد میں اَللہ تعالیٰ نے ان کے دل کو بدل دیا، اور فتحِ مکہ سے پہلے انہوں نے اسلام قبول کرلیا۔
اسلام لانے کے بعد وہ بہت مخلص صحابی بن گئے۔
غزوۂ حُنَیْن میں جب بعض لوگ اِدھر اُدھر ہوگئے تو سُفْیَان بن حَارِثؓ رسولُ اللہ ﷺ کے ساتھ ثابت قدم کھڑے رہے۔
③ اَبُو جَہْل
اَبُو جَہْل کا اصل نام:
عَمْرُو بن ہِشَام تھا۔
لوگ پہلے اسے “اَبُو الحَکَم” کہتے تھے، کیونکہ وہ اپنے آپ کو بڑا عقل مند سمجھتا تھا۔
لیکن جب اس نے رسولُ اللہ ﷺ کی سخت مخالفت کی، ظلم کیے، اور حق کو قبول نہ کیا تو وہ “اَبُو جَہْل” کے نام سے مشہور ہوگیا۔
وہ قبیلۂ بَنُو مَخْزُوم سے تعلق رکھتا تھا۔
نبی ﷺ کے ساتھ اس کی کوئی قریبی رشتہ داری نہیں تھی، لیکن چونکہ تمام قریش ایک بڑے خاندان کی شاخیں تھے، اس لیے دُور کی قبیلائی نسبت ضرور تھی۔
وہ اسلام کا بہت بڑا دشمن تھا۔
غزوۂ بَدْر میں وہ مشرکین کا بڑا لیڈر تھا، اور اسی جنگ میں مارا گیا۔
④ اَبُو لَہَب
اَبُو لَہَب کا اصل نام:
عَبْدُ العُزّٰی بن عَبْدُ المُطَّلِب تھا۔
یہ رسولُ اللہ ﷺ کے حقیقی چچا تھے، یعنی بہت قریبی رشتہ دار تھے۔
لیکن افسوس کہ اس کے باوجود انہوں نے نبی ﷺ کی شدید مخالفت کی۔
اس کا چہرہ سرخ اور چمکدار تھا، اسی وجہ سے اسے “اَبُو لَہَب” کہا جاتا تھا۔
قرآنِ مجید میں اس کے خلاف پوری سورۃ نازل ہوئی:
تَبَّتْ يَدَا أَبِي لَهَبٍ وَتَبَّ
ابو لہب اور ابو جہل دونوں اسلام کے سخت مخالف تھے، لیکن دونوں میں فرق یہ تھا کہ:
اَبُو لَہَب نبی ﷺ کے حقیقی چچا تھے۔
جبکہ اَبُو جَہْل قریش کے دوسرے قبیلے بَنُو مَخْزُوم سے تھا اور قریبی رشتہ دار نہیں تھا۔


No comments: